کراچی۔ : ایڈیشنل آئی جی پولیس شاہد حیات میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سندھ گورنمنٹ پریس کو1-2 سے شکست دے کر اپنے نام کرلیا۔کامیاب ٹیم کی جانب سے زید عمر اورجنید نے 1،1 گول کیا جبکہ ناکام ٹیم کا خسارہ سمیر نے کم کیا۔ کے ایم سی فٹ بال اسٹیڈیم پرمنعقدہ فائنل اور تقریب تقسیم انعامات کی مہمانِ خصوصی کراچی پولیس کے سابق سربراہ شاہد حیات کی صاحبزادی زارا حیات تھیں جبکہ آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام نے بالخصوص شرکت کی۔
علاوہ ازیں اس موقع پرایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن، ڈی آئی جی ایڈمن کراچی، ڈی آئی جی ویسٹ ودیگر بھی موجود تھے۔ سندھ پولیس اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے تحت کھیلے جانے جانے والے فٹ بال ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ65 ہزار روپے جبکہ رنراپ ٹیم کو35 ہزار روپے بطورِ انعام دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کا بہترین فٹ بالرسندھ پولیس کے آصف اور بہترین گول کیپر پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سمیر احمدکو قرار دیتے ہوئے انہیں 10 ہزار روپے فی کس کے انفرادی انعامات بھی دیئے گئے۔ اس موقع پرفٹ بال لیگ کے آرگنائزنگ سیکریٹری ایس پی ہیڈکوارٹرز گارڈن نے استقبالیہ پیش کیا اور مہمانانِ گرامی کو تقریب میں خوش آمدید کہا۔ آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے ٹورنامنٹ کے شاندار انعقاد پر سندھ پولیس ڈیپارٹمنٹ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم شاہد حیات ایک نڈر، ایماندار اور بہترین پولیس آفیسر تھے اور فرائض منصبی نہایت لگن اورایمانداری کے ساتھ انجام دیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹریٹ کرائمزسمیت دیگرجرائم پرقابو پانے کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کے حالات پر مؤثر کنٹرول اور قانون کی حکمرانی کیلئے تمام تر اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے اوراس سلسلے میں جرائم کا جڑ سے خاتمہ اور ان کے گروہوں کا قلع قمع پولیس کی تمام تر ترجیحات میں سر فہرست ہیں۔
ایک تبصرہ شائع کریں